برطانوی بینک کے 3 کروڑ صارفین کا ڈیٹا لیک، ہیکرز نے فروخت کیلئے پیش کردیا
برطانوی بینک سینٹینڈر کے 3 کروڑ صارفین کا ڈیٹا لیک ہوگیا اور ہیکرز نے ڈیٹا آن لائن فروخت کیلئے پیش کردیا۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہیکرز کے گروپ نے بینک کے ملازمین سمیت 3 کروڑ صارفین کا ڈیٹا ہیک کیا جس میں 2 کروڑ 80 لاکھ صارفین کے کریڈٹ کارڈ نمبر، 60 لاکھ اکانٹ نمبرز اور رقم کی تفصیلات شامل ہیں۔ہیکرز کا دعوی ہے کہ بینک ملازمین کی مکمل تفصیلات بھی ہیک کرکے حاصل کرلی گئی ہیں۔ برطانوی بینک کے دنیا بھر میں 2 لاکھ سے زائد ملازمین ہیں جبکہ صرف برطانیہ میں 20 ہزار افراد ملازم ہیں۔ ہیکرز نے بینک کا ڈیٹا آن لائن پلیٹ فارم پر 20 لاکھ ڈالر میں فروخت کیلئے پیش کردیا۔ ہیکرز گروپ نے اپنے اشتہار میں طنز کرتے ہوئے لکھا کہ اگر بینک بھی چاہے تو وہ بھی رقم ادا کرکے ڈیٹا حاصل کرسکتا ہے۔
دوسری جانب اپنے بیان میں بینک حکام نے صارفین سے معذرت کی اور کہا کہ تحقیقات پر معلوم ہوا ہے کہ چلی، اسپین اور یوراگوئے کے صارفین سمیت ہمارے تمام موجودہ اور سابقہ ملازمین کے ڈیٹا تک ہیکرز نے رسائی حاصل کی ہے۔بینک حکام کے مطابق برطانوی صارفین کا ڈیٹا محفوظ ہے، ہیکرز چرانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔خیال رہے کہ برطانوی بینک کا ڈیٹا بھی اسی گروپ نے ہیک کیا ہے جس نے چند دن قبل امریکی فرم ٹکٹ ماسٹر کے 560 ملین صارفین کا ڈیٹا ہیک کرکے فروخت کیلئے پیش کیا تھا۔