کام نہ ہوتو کیا وزیر کا سر پھوڑا جائے؟ پی ٹی آئی کے مقامی عہدیدار نے وزیراعلیٰ سے رائے مانگ لی
پی ٹی آئی کے سرگرم کارکن اور پشاور کے نائب صدر ندیم اتمان خیل نے ورکرز کے کام نہ کرنے پر وزرا کے سر پھوڑنے سے متعلق وزیراعلیٰ سے رائے مانگ لی۔ندیم اتمان خیل کا وزیرصحت کے دفتر سے جاری ویڈیو بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کا سینئر ورکر ہوں، ایک ہفتے سے وزیرصحت کے دفتر میں آکرخوار ہورہا ہوں، حلقے کے عوام کے کام لے کر آتا ہوں لیکن کوئی کام نہیں ہورہا۔
ندیم اتمان خیل کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ کوئی افسر رشوت لیتا ہے اور کام نہیں کرتا تو پتھر اٹھا کراس کا سر پھوڑیں؟علی امین گنڈاپور سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کوئی وزیر ورکر کا کام نہ کرے تو اس کے ساتھ کیا رویہ اختیار کیا جائے؟انہوں نے کہا کہ کیا وزیر کا سر بھی پھوڑا جائے یا نہیں، کیا وہ اس سے بالاتر ہے؟ وارننگ دے رہا ہوں اگر ورکر کا کام نہیں ہوگا تو کوئی وزیر آفس میں کام نہیں کرے گا۔