سی ڈی اے کا تھری ڈی اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ شروع کرنے کا فیصلہ
سی ڈی اے اسلام آباد میں تھری ڈی اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ شروع کرے گا۔منگل کو چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں سی ڈی اے نے یکم جولائی سے اسلام آباد میں تھری ڈی مارکیٹنگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس پروجیکٹ کے ذریعے لوگوں کو جدید مارکیٹنگ تکنیک کے ذریعے اشتہاری مواد کی طرف راغب کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق مختلف شاہراہوں اور تجارتی مراکز پر ڈیجیٹل سکرینیں نصب کی جائیں گی اور ڈیجیٹل سکرینوں کی تنصیب سے سی ڈی اے کی آمدن میں اضافہ متوقع ہے۔
یہ سکرینیں 3 سال کیلئے سالانہ کرائے کی بنیاد پر لگائی جائیں گی۔مزید برآں، ٹھیکیدار اسکرینوں کی تنصیب اور دیگر اخراجات کا ذمہ دار ہوگا۔ اسکرین کی تنصیب ایک ٹھیکیدار کو نیلامی کے ذریعے دی جائے گی اور سب سے زیادہ بولی ملنے پر اسے دیا جائے گا۔