3 سال بعد واٹس ایپ میں بڑی منفرد تبدیلی
دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے تقریبا 3 سال بعد اپنا لے آؤٹ تبدیل کردیا اور عین ممکن ہے کہ آپ کو بھی واٹس ایپ کے آئکون، کلرز اور ایروز منفرد نظر آ رہے ہوں۔
واٹس ایپ کے مطابق صارفین کی آسانی کے لیے واٹس ایپ کا لے آؤٹ تبدیل کردیا گیا ہے اور تمام صارفین کو ترتیب وار نئے لے آؤٹ تک رسائی دے دی جائے گی اور کروڑوں صارفین کو نئے لے آؤٹ تک رسائی دے دی گئی ہے۔
نئے لے آؤٹ میں واٹس ایپ کے گرین کلر کو مزید گہرا کیا گیا ہے جب کہ اسے ڈارک موڈ میں بھی اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ صارف کو تمام مواد آسانی سے نظر آئے گا۔
کمپنی کے مطابق نئے لے آؤٹ میں ایسے شیڈز دیے گئے ہیں، جس سے صارفین کو پڑھی جانے والی چیٹس اور نہ پڑھی گئی چیٹس میں نمایاں فرق نظر آئے گا جب کہ انہیں کانٹیکٹ نمبرز سمیت دوسرا مواد تلاش کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔
نئے لے آؤٹ میں رنگوں کو واضح کرنے کے ساتھ ساتھ آئیکون اور ایروز کو بھی تبدیل اور واضح کیا گیا ہے اور اب صارفین کو کسی بھی پیغام کو فارورڈ کرنے کا آئیکون پہلے سے زیادہ واضح انداز میں دکھائی دیتا ہے،کمپنی کے مطابق ترتیب وار تمام صارفین کو نئے ڈیزائن تک رسائی دے دی جائے گی۔
قبل ازیں واٹس ایپ کا لے آؤٹ 2021 میں تبدیل کیا گیا تھا اور اس سے پہلےسال 2020 میں اس میں تبدیلی لائی گئی تھی۔
واٹس ایپ کے لے آؤٹ کو 2012 اور اس سے قبل 2011 میں پہلی بار تبدیل کیا گیا تھا جب کہ ایپلی کیشن کو 2009 میں متعارف کرایا گیا تھا۔
واٹس ایپ کے لے آؤٹس گزشتہ 15 سال میں محض 5 بار تبدیل کیے گئے ہیں اور ہر بار اس میں بہتری ہی لائی گئی ہے۔