9 مئی واقعات کے کرداروں کیخلاف نا قابل تردید ثبوت، چہرے بے نقاب کریں گے، حکومت
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف نا قابل تردید ثبوت موجود ہیں،، فتنہ پھیلانے والے ٹولے نے اپنے ہی ملک پر حملہ کیا،یہ واقعات ایک منظم منصوبہ بندی کے ساتھ کیے گئے، گھناؤنی سازش میں ملوث لوگوں کے چہرے بے نقاب کریں گے۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ سیاسی معاملات جیسے بھی ہوں کسی نے بھی ملک پر آنچ نہیں آنے دی، لیکن 9 مئی کو فتنہ پھیلانے والوں نے اپنے ہی ملک پر حملے کیے، ہم پوچھتے ہیں یہ کون لوگ تھے جو اپنے ہی ملک پر حملہ آور تھے۔
9 مئی کی سازش ملک کی بنیادوں کے خلاف تھی
انہوں کہا کہ یہ وہ فتنہ گر اور انتشاری ٹولہ تھا جس نے 9 مئی کو ایک منظم سازش کی اور یہ سازش اس ملک کی بنیادوں کے خلاف تھی، اس سازش میں ملوث افراد کے ہمارے پاس نا قابل تردید ثبوت موجود ہیں، یہ وہ لوگ تھے جو پاکستان کی ترقی کو روکنے کے لیے ملک کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے۔ جو کام کوئی دشمن نہ کر سکا وہ اس سازشی ٹولے نے کر دکھایا۔
وزیر اعظم 9 مئی کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کریں گے
عطا تارڑ نے کہا کہ 9مئی ملکی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر جانا جاتا ہے، اس روز ملک کے خلاف ایک منظم سازش کی گئی اور ملک کو اندرونی اور بیرونی طور پر کمزور کرنے کی کوشش کی گئی، وزیر اعظم 9 مئی کو کابینہ کے اجلاس سے اس حوالے سے خصوصی خطاب کریں گے۔
عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ 9 مئی کے واقعات کے نا قابل تردید ثبوت موجود ہیں، قوم کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، 9 مئی کے واقعات کے پیچھے کار فرما کرداروں کو بے نقاب کریں گے۔
سیاسی معاملات جیسے بھی ہوں ملک پر کسی نے آنچ نہیں آنے دی
عطا تارڑ نے کہا کہ ماضی میں دیکھا گیا ہے کہ ملک میں سیاسی معاملات جیسے بھی ہوں کسی بھی سیاسی جماعت نے ملک کے خلاف اس طرح کی سازش کی نہ اس پر کوئی آنچ آنے دی لیکن افسوس کا مقام ہے کہ 9 مئی کو ایک انتشاری سیاسی ٹولہ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر ملک پر حملہ آور ہوا۔ ملک میں انتشار پھیلانے والوں نے ملکی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی افواج ایک منظم اور بہترین فوج ہے، دشمن بھی ہماری افواج کی بہادری کا اعتراف کرتے ہیں۔ لیکن اس انتشاری ٹولے نے افواج پاکستان سمیت ملکی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔
سیاسی مقاصد کی خاطر ملک میں فتنہ فساد پھیلایاگیا
9مئی کو شرپسند ٹولے نے شہدا کی یادگاروں اور حساس تنصیبات کو نقصان پہنچایا، سیاسی مقاصد کی خاطر ملک میں فتنہ فساد پھیلایاگیا۔ پاکستان کی سالمیت پر ہماری جان بھی قربان ہو، امریکا میں کیپٹل ہل پر حملے میں ملوث تمام افراد کو سزائیں دی گئیں۔
عدلیہ سے پوچھتا ہوں، 9 مئی کے کرداروں کو سزا کیوں نہیں ہوئی؟
عطا تارڑ نے کہا کہ عدلیہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ 9مئی کے مقدمات منطقی انجام تک کیوں نہیں پہنچے؟ 9 مئی کے دلخراش واقعے کو ایک سال مکمل ہوجائےگا، لیکن اس کے کرداروں کو سزا کیوں نہیں دی گئی؟
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وطن کی سالمیت سے ہمارا سب کچھ جڑا ہے، موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد دوست ممالک سے تعلقات بحال کرنے کی ہر سطح پر کوششیں کی ہیں، پاکستان ہمارے بڑوں کی قربانیوں کا حصول ہے، اب ہم اپنے وطن کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔