وزیر اعظم کا کل 28 مئی یوم تکبیر پر سرکاری چھٹی کا اعلان
وزیر اعظم شہبازشریف نے کل 28 مئی یوم تکبیر پر سرکاری چھٹی کا اعلان کردیا۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے دن، 28 مئی یوم تکبیر کو سرکاری چھٹی قرار دیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا ہےکہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کے لیے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم کے مطابق یوم تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کے لیے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے، یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں، جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 28 مئی یوم تکبیر اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانےکے اقدام کو خراج تحسین پیش کرنےکا دن ہے، اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا ہےکہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئیں، آج کے روز ہم یہ عہد کریں کہ نا صرف بیرونی دشمنوں، بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے۔