نیا مالی اسکینڈل ’دبئی ان لاکڈ‘ بےنقاب، پاکستانی شہریوں کی صرف دبئی میں 12 ارب ڈالر کی جائیدادیں
پاناما لیکس کے کئی سال بعد عالمی رہنماؤں، سیاستدانوں اور دیگر طاقتور افراد کی خفیہ دولت کی تفصیلات کے حوالے سے ایک اور مالی اسکینڈل ’دبئی اَن لاکڈ‘ کے نام سے بے نقاب کردیا گیا۔
تفصیلات تحقیقاتی صحافیوں کے بین الاقوامی کنسورشیم (آئی سی آئی جے) طرز کے ایک اور تحقیقاتی کنسورشیم آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پروجیکٹ (او سی سی آر پی) نے ڈیٹا لیک کی شکل میں جاری کیں۔
دبئی ان لاکڈ کی تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے چوٹی کے امیر افراد کی دبئی میں اربوں ڈالرز کی جائیدادیں موجود ہیں جن میں بیشتر جائیدادیں مبینہ طور پر ٹیکس بچانے کی غرص سے چھپا کر رکھی گئی ہیں۔
ان جائیدادوں کے مالکان میں سرفہرست روس کے طاقتور افراد بتائے گئے ہیں۔
دبئی ڈیٹا لیکس کے مطابق دبئی میں مبینہ طور جائیدادیں چھپانے والوں میں پاکستان سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔
دبئی ڈیٹا لیکس میں 17 ہزار پاکستانی شہری دبئی میں رہائشی املاک کے مالکان کے طور پر ظاہر کیے گئے ہیں۔
ڈیٹا میں پاکستانیوں کی جانب سے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں کُل سرمایہ کاری کی مالیت ساڑھے 12 ارب ڈالر بتائی گئی ہے۔
سیاست دانوں، میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد، بڑی کاروباری شخصیات اور ملٹری افسران کے نام بھی دبئی لیکس میں شامل ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ عالمی سرمایہ کاری کی فہرست میں دبئی میں رہائشی جائیداد کی خرید و فروخت میں پاکستان کا چوتھا نمبر ہے۔
ڈیٹا لیک میں پاکستانیوں کو دبئی کے مہنگے ترین علاقوں میں بطور پراپرٹی مالکان ظاہر کیا گیا جن میں دبئی مرینا، ایمریٹس ہلز، بزنس بے، پام جمیرہ اور البرشہ شامل ہیں۔
ڈیٹا لیکس میں کسی مالیاتی جرائم کے پیسوں سے خریدی گئی جائیدادوں کا ثبوت نہیں اور نہ ہی آمدنی کے ذرائع، رینٹ کی مد میں ٹیکس ڈیکلیریشن جیسی معلومات شامل ہیں۔
تاہم سیاسی پنڈتوں کا ماننا ہے کہ ایسے حالات میں جہاں ایک طرف پاکستان ڈوبتی معیشت کو بچانے کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سمیت دیگر ممالک سے بھی مدد کی امید لگائے بیٹھا ہے، وہیں دوسری طرف بڑی اور سیکڑوں پراپرٹیز رکھنے والے پاکستانیوں کے نام سامنے آنے پر ملکی سیاست اور حالات میں بھونچال آسکتا ہے۔
او سی سی آر پی اور نارویجن آؤٹ لیٹ ’ای – 24‘ کی سربراہی میں 6 ماہ کی عالمی تحقیق میں 58 ممالک کے 74 میڈیا آؤٹ لیٹس کے صحافیوں نے حصہ لیا، جن میں ڈان بھی شامل ہے۔
دبئی میں غیر ملکیوں کی جائیدادوں میں بھارت پہلے نمبر پر ہے جس کے 29 ہزار 700 مالکان کی 35 ہزار جائیدادیں ہیں۔
2022 کے اعداد و شمار کے مطابق دبئی میں بھارتیوں کی جائیدادوں کی مالیت 17 ارب ڈالر ہے۔
اسی طرح پاکستانی شہریت والے 17 ہزار مالکان کی دبئی میں 23 ہزار جائیدادیں ہیں۔ ساڑھے 19 ہزار برطانوی شہریوں کی دبئی میں 22 ہزار جائیدادیں ہیں جن کی مالیت 10 ارب ڈالر ہے۔
ساڑھے 8 ہزار سعودی شہری دبئی میں 16 ہزار جائیدادوں کے مالک ہیں جن کی مالیت ساڑھے 8 ارب ڈالر ہیں۔