نجکاری کمیشن نے نجکاری کا 5 سالہ پروگرام ترتیب دیدیا
نجکاری کمیشن نے نجکاری کے لیے 5 سالہ پروگرام طے کیا ہے۔ذرائع کے مطابق کابینہ کی نجکاری کمیٹی 10 مئی کو نئے پانچ سالہ نجکاری پروگرام کی منظوری دے گی، کابینہ کمیٹی نجکاری کے پہلے سال اور اگلے تین
سال کے اہداف کا تعین کرے گی۔
ذرائع کے مطابق نجکاری کمیشن نے پہلے خسارے میں چلنے والی سرکاری کمرشل کمپنیوں کی نجکاری کی سفارش کی ہے، اس وقت سرکاری شعبے میں 87 کمرشل کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری کمرشل کمپنیوں کی نجکاری میں ملازمین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا، ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے، ملازمین کے لیے پیکج کا فیصلہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے نئے پروگرام کے لیے نجکاری کے روڈ میپ کا مطالبہ کیا تھا، آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ تمام سرکاری کمرشل کمپنیوں کی فوری نجکاری کی جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزارتوں نے 39 سرکاری کمرشل کمپنیوں کی نجکاری نہ کرنے کی تجویز دی ہے، نئے قانون کے تحت صرف وزارت خزانہ ہی کسی کمپنی کو اسٹریٹجک قرار دے سکتی ہے۔