عیدالاضحی ، قومی ادارہ صحت نے کانگو وائرس کے خطرے سے خبر دار کردیا
قومی ادارہ صحت نے ملک میں شدید گرمی اور عیدالاضحی کی آمد کے پیش نظر عوام کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے ایڈوائزری جاری کر دی۔ ایڈوائزری میں شہریوں کو کانگو وائرس کے خطرے سے آگاہ کرنے کیساتھ بیماریوں کی روک تھام کیلئے بروقت اور مناسب اقدامات پر بھی زور دیا گیا ہے ۔ایڈوائزری میں کانگووائرس کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ جانوروں کے بالوں میں چھپی چیچڑیاں وائرس کا ذریعہ بن سکتی ہیں، وائرس زدہ شخص صحت مند افراد کو بھی بیمار کرسکتا ہے، اس لئے قربانی کے جانوروں کی دیکھ بھال احتیاط کے ساتھ کی جائے۔
ایڈوائزری میں کہا گیا گرمی میں ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، جلد یا لباس پر کانگو کی چیچڑی موجود ہو تو محفوظ طریقے سے ہٹائیں۔ عیدکے دنوں میں ایسے مقامات پرنہ جائیں جہاں چیچڑی موجود ہوں، احتیاط کی راہ اپنائیں، خود بھی بچیں اوردوسروں کوبھی بچائیں۔ایڈوائزری کے مطابق تیز گرمی میں خود کو سورج کی شعاعوں سے بچائیں۔ ڈی ہائیڈریشن سے بچ کر ہی ہیٹ اسٹروک کو روکا جاسکتا ہے۔ عوام کو ٹائیفائیڈ بخار سے متعلق بھی احتیاط کا مشورہ دیا گیا ہے۔