عدالت کا جیل حکام کو عمران خان سے بیٹوں کی بات کرانے کا حکم
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اڈیالہ جیل حکام کو بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان سے بیٹوں کی بات کرانے کا حکم دے دیا۔بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے بیٹوں سے فون پر بات کرانے کی درخواست دائر کی تھی۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ملک اعجاز اصف نے عمران خان کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے اڈیالہ جیل کے حکام کو بانی پی ٹی آئی سے بیٹوں قاسم اور سلیمان کی بات کرانے کا حکم دیا۔
سابق وزیر اعظم نے اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کرانے اور خون کے نمونے شوکت خانم ہسپتال بھجوانے کی درخواست دائر کی تھی۔عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان کے خون کے نمونے پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کی موجودگی میں ہی لیں گے تاہم عدالت نے اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کی درخواست کو فی الحال مسترد کردیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا کیس اس عدالت میں زیر سماعت نہیں لہٰذا بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے درمیان ملاقات کے لیے درخواست متعلقہ عدالت میں دائر کی جائے۔