جال کے ذریعے مچھلی پکڑنے ،چھلکے والی مچھلی بازار میں فروخت کرنے پر پابندی عائد
محکمہ فشریز نے جال کے ذریعے مچھلی پکڑنے اور چھلکے والی مچھلی بازار میں فروخت کرنے پر تین ماہ کے لئے پابندی لگا دی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات کے احکامات اور ڈائریکٹر فشریز (ایکوا کلچر ) ڈاکٹر محمد عابد کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز قصور مہر معوذ اسلم نے نیلام شدہ سرکاری آب ہائے سے بذریعہ جال مچھلی پکڑنے اور بازار میں فروخت کرنے پر تین ماہ یکم جون تا 31اگست2024تک پابندی لگا دی ہے اور ضلعی سطح پر چیکنگ ٹیمیں بھی تشکیل دیدی ہیںجو اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائینگی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہر معوذ اسلم کے مطابق یہ تین ماہ کا عرصہ مچھلی کی افزائش نسل کا موسم ہوتا ہے اور اس دوران جال کے ذریعے مچھلی پکڑنا اور منڈی میں بیچنا قانونی خلاف ورزی ہے تا ہم اس عرصہ کے دوران فش فارمرزبھی اپنے پرائیویٹ فارمز سے مچھلی پکڑنے کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز سے اجازت لینے کے پابند ہونگے خلاف ورزی کی صورت میں محکمہ فشریز قانونی کاروائی کریگا۔