اسلام آباد آئی ٹی پارک جلد تعمیر کیا جائے، وزیر اعظم کی ہدایت
وزیر اعظم محمد شہباز شریف اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی کارکردگی کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرانے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کو وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے انفارمیشن ٹیکنالوجی پارکس کے حوالے سے اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے فروغ ، آئی ٹی برآمدات بڑھانے اور اسٹارٹ اپس کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے آئی ٹی پارکس کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی کارکردگی کے حوالے سے تھرڈ پارٹی ایویلیوایشن کرائی جائے۔
اجلاس کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی جانب سے آئی ٹی پارکس کے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران اجلاس کو بتایا گیا کہ جنوبی کوریا کے تعاون سے اسلام آباد آئی ٹی پارک کا منصوبہ اگلے سال مکمل کر لیا جائے گا جب کہ اسلام آباد آئی ٹی پارک میں اسٹارٹ اَپس، انکیوبیشن سینٹرز، بینکس، ریستوران اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں جنوبی کوریا کے تعاون سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک کا منصوبہ 2027 تک مکمل ہو گا جب کہ ملک کے 20 شہروں میں 43 سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے گئے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ 2025 میں ملک بھر میں 100 نئے ای-روزگار مراکز اور 10 نئے سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔