آئی جی پنجاب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر شہری نے خود کو آگ لگالی
لاہور میں ایک شہری نے آئی جی پنجاب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر خود کو آگ لگالی۔رپورٹ کے مطابق آئی جی آفس کے باہر خود کو آگ لگانے والا شہری اسلم سہیل لاہور کے علاقے کماہاں کا رہائشی ہے، وہ گروی پر لیے گئے ایک مکان میں رہائش پذیر تھا۔
مالک مکان کی جانب سے پیشگی نوٹس دیئے بغیر گھر خالی کروانے پر احتجاج کے لیے آئی جی آفس پہنچا تھا۔متاثرہ شخص صبح سے آئی جی آفس کے باہر پنجاب پولیس کے سربراہ سے ملاقات کے لیے انتظار میں بیٹھا تھا۔سکیورٹی پر مامور حکام کی جانب سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر اس نے خود کو آگ لگالی، شہری کو بچاتے ہوئے پولیس اہلکار عادل بھی جھلس کر زخمی ہو گیا۔