وزیراعظم کا اسٹریٹیجک اداروں کے سوا تمام ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے اسٹریٹجک اداروں کے سوا حکومت کی زیر ملکیت تمام اداروں کی نجکاری کا اعلان کردیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت نجکاری اور نجکاری کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دوران نجکاری پروگرام 2024-2029 کا روڈ میپ پیش کیا گیا۔بعد ازاں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ چاہے نفع بخش ادارے ہوں یا خسارہ میں جانے والے، تمام حکومتی اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔
وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو ضروری کارروائی اور نجکاری کمیشن سے تعاون کی ہدایت جاری کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ نجکاری سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت ہوگی۔شہباز شریف نے کہا کہ ماسوائے اسٹریٹجک ریاستی ملکیتی اداروں کے دیگر تمام ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری کی جائے گی، حکومت کا کام کاروبارکرنا نہیں بلکہ کاروبار و سرمایہ کاری کے لیے دوست ماحول یقینی بنانا ہے حکومت کا کام سہولیات اور آسانیاں فراہم کرنا ہوتا ہے۔انہوںنے کہاکہ نجکاری کے پیسے سے سروسز کی فراہمی کا معیار بہتربنانے میں مدد ملے گی، نجکاری کے عمل میں شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے گی۔