اب بچنا مشکل،ہوائی فائرنگ کے مقام کی انتہائی درستگی کے ساتھ نشاندہی کرنے والا ایک حیران کن سافٹ ویئر تیار
ایک پاکستانی طالب علم نے فائرنگ کے مقام کی انتہائی درستگی کے ساتھ نشاندہی کرنے والا ایک حیران کن سافٹ ویئر تیار کر لیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق انجینئرنگ یونیورسٹی آف مردا ن کے اس طالب علم کا نام محمد علی ہے۔ جن کی یہ ایجاد جرائم کے انسداد اور ہوائی فائرنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہے۔
محمد علی کا کہنا ہے کہ اس سافٹ ویئر کے ذریعے انتہائی سرعت کے ساتھ محض 5سیکنڈز کے اندر فائرنگ کے مقام کی درست نشاندہی کی جا سکتی ہے۔ اس سافٹ ویئر کے ذریعے گوگل میپ کی مدد سے قانون نافذ کرنے والے ادارے باآسانی فائرنگ کی جگہ پر پہنچ سکتے ہیں۔
انجینئرنگ یونیورسٹی آف مردان ہی کے ایک اور باصلاحیت طالب علم عادل باجا نے بجلی سے چلنے والی ایک ایسی وہیل چیئر تیار کی ہے، جسے صرف دماغ کے ذریعے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ عادل باچا کا کہنا ہے کہ یہ وہیل چیئر ان لوگوں کے لیے بنائی گئی ہے، جن کا جسم فالج کے باعث حرکت نہیں کر سکتا اور وہ بول بھی نہیں پاتے۔